پی ٹی آئی رہنما عبداللہ طاہر قتل کیس، ڈرائیور سمیت 5 سہولت کار زیر حراست

image

پی ٹی آئی رہنما عبداللہ طاہر کے قتل کی تحقیقات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، پولیس نے مقتول کے ڈرائیور اصغر کو حراست میں لے لیا۔

پولیس کے مطابق ڈرائیور اصغر کا موبائل فون بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے، جبکہ دورانِ تفتیش اس نے مبینہ طور پر عبداللہ طاہر کی نقل و حرکت اور لوکیشن سے متعلق معلومات ایک خاتون ٹک ٹاکر کو فراہم کرنے کا انکشاف کیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ڈرائیور اصغر اور خاتون ٹک ٹاکر سے آمنے سامنے تفتیش بھی کی گئی۔ پولیس نے جائے وقوعہ پر مبینہ طور پر ریکی کرنے والے شخص اور قتل میں استعمال ہونے والی گاڑی کرائے پر دلوانے والے افراد کو بھی حراست میں لے لیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عبداللہ طاہر کے قتل میں مبینہ سہولت کاری کا کردار ادا کرنے والے 5 افراد، جن میں خواتین بھی شامل ہیں، پولیس کی حراست میں ہیں۔

پولیس کے مطابق قتل کے مرکزی شوٹر اور اس کے دو ساتھی تاحال گرفتار نہیں ہوسکے اور ان کی تلاش جاری ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US