ایسٹ زون تھانہ فیروز آباد پولیس اور وفاقی سول حساس ادارے نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے PECHS بلاک 2 میں شہری نسیم عباس کے قتل میں ملوث تینوں ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت حارث، وصال اور رمیز کے ناموں سے ہوئی ہے، جنہوں نے 20 جولائی 2026 کو نسیم عباس کو فائرنگ کرکے قتل کیا تھا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم وصال نے مذکورہ قتل کو ڈکیتی کے دوران مزاحمت کا رنگ دینے کی کوشش کی تھی، تاہم پولیس نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کا سراغ لگایا۔
پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے قتل میں استعمال ہونے والے تین پسٹل، ایمونیشن، موٹرسائیکل اور مقتول سے چھینا گیا موبائل فون برآمد کرلیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف ضابطے کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے جبکہ ان کے سابقہ مجرمانہ ریکارڈ کی تفصیلات بھی حاصل کی جارہی ہیں۔