اوباڑو سول کورٹ میں پیشی کے لیے لائے گئے دو ڈاکوؤں کے فرار کے معاملے میں غفلت برتنے پر 12 پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق گزشتہ روز اوباڑو سول کورٹ میں پیشی کے دوران ڈاکو راحب شر اور موریو شر پولیس کی حراست سے فرار ہوگئے تھے۔ فرار ہونے والے ڈاکو راحب شر کے سر کی قیمت 50 لاکھ روپے مقرر تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اہلکاروں کے خلاف مقدمہ سرکار کی مدعیت میں اوباڑو تھانے میں درج کیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات بھی جاری ہیں۔
دوسری جانب فرار ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے پولیس نے کچے کے علاقے میں رات گئے آپریشن کیا۔ پولیس کے مطابق دریائے سندھ کے کچے کے علاقے میں پانی کی موجودگی کے باعث سرچ آپریشن میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
پولیس نے فرار ہونے والے دونوں ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔