کراچی: جوہر موڑ پر شہری کی فائرنگ سے 2 ڈکیت ہلاک، کلفٹن میں فائرنگ سے 3 افراد زخمی

image

کراچی کے علاقے جوہر موڑ کے قریب پل پر فائرنگ کے واقعے میں ڈاکوؤں کو نشانہ بنانے والے شہری نے پولیس کو بیان ریکارڈ کرا دیا ہے۔

پولیس کے مطابق شہری کا کہنا ہے کہ وہ جمعہ کی نماز کے بعد لال فلیٹس کے قریب فروٹ خرید کر جیسے ہی اپنی گاڑی میں بیٹھا تو ایک موٹر سائیکل پر سوار تین مسلح ملزمان نے اسے گھیر لیا۔ ملزمان نے اسلحے کے زور پر شہری سے پرس اور موبائل فون چھینا اور فرار ہو گئے۔

شہری نے پولیس کو بتایا کہ جب اس نے ملزمان کا پیچھا کیا تو وہ پل پر چڑھ کر فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔ اس دوران ایک ملزم نے پیچھے مڑ کر دیکھا اور شہری پر دو گولیاں چلا دیں، جن میں سے ایک گولی گاڑی کے دائیں شیشے اور دوسری دروازے پر لگی۔

شہری کی جانب سے کی گئی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں دو ڈاکو زخمی ہو کر گر پڑے جبکہ ان کا تیسرا ساتھی ایک رکشے میں بیٹھ کر فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہری کی فائرنگ سے دونوں ڈاکو ہلاک ہوچکے ہیں جن کے قبضے سے 6 موبائل فونز، ایک پرس اور 2 پستول برآمد ہوئے ہیں۔

پولیس کے مطابق بظاہر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ ملزمان مختلف علاقوں میں لوٹ مار کرتے ہوئے آ رہے تھے۔

پولیس نے گاڑی ایف ایس ایل کے لیے ٹیم طلب کرلی ہے جبکہ ہلاک ملزمان کا سابقہ مجرمانہ ریکارڈ بھی چیک کیا جا رہا ہے۔ واقعے کے حوالے سے مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔

دوسری جانب کلفٹن بلاک ٹو میں فائرنگ سے تین افراد ساجد، دلاور اور فضل ربی زخمی ہوگئے، جنہیں جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے، دونوں فریقین کا پہلے جرگہ بھی ہوچکا ہے، واقعہ سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US