اے این ایف کی مختلف شہروں میں کارروائیاں، 5 ملزمان گرفتار، 31 کلو چرس برآمد

image

انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے تعلیمی اداروں کے اطراف اور ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 6 کارروائیوں میں 5 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

اے این ایف حکام کے مطابق کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر 23 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 31 اعشاریہ 7 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔

ہری پور میں ایک کالج کے قریب کارروائی کے دوران ایک ملزم کے قبضے سے 300 گرام چرس برآمد ہوئی۔ ابتدائی تفتیش میں ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ طلبہ کو منشیات فروخت کرتا تھا۔

دیگر کارروائیوں میں کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ سے 15 کلوگرام چرس، راولپنڈی کے پیرودھائی علاقے میں ایک گاڑی سے 3 اعشاریہ 6 کلوگرام جبکہ بس ٹرمینل کے قریب ایک اور ملزم سے 2 اعشاریہ 4 کلوگرام چرس برآمد کی گئی۔

اسی طرح شیخوپورہ ٹول پلازہ کے قریب کارروائی میں 2 اعشاریہ 4 کلوگرام چرس برآمد ہوئی، جبکہ کراچی کے علاقے جنجال گوٹھ میں کارروائی کے دوران 8 کلوگرام چرس اور 111 بوتلیں شراب بھی قبضے میں لے لی گئیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US