سندھ کے شہر کندھ کوٹ میں پولیس کے حساس دفتر سے ایک ویڈیو سامنے آئی ہے جس میں مبینہ طور پر ڈاکوؤں نے ٹک ٹاک ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے، جس کے بعد سیکیورٹی انتظامات اور پولیس کی کارکردگی پر سنجیدہ سوالات اٹھ گئے ہیں۔
ویڈیو میں کوکاری گینگ سے تعلق رکھنے والا صدام نندوانی اور بھیو گینگ کا مبینہ سرگرم ملزم صدام عرف ادھڑ بھیو کندھ کوٹ کے ایس ایس پی آفس کے اندر موجود ہیں اور بغیر کسی خوف کے ویڈیو بنا رہے ہیں۔
مقامی شہریوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ حساس دفتر میں ایسے افراد کی موجودگی قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ساکھ متاثر کر سکتی ہے۔ عوامی حلقوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر شفاف تحقیقات کی جائیں اور کسی قسم کی غفلت یا ملی بھگت ثابت ہونے پر ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
تاحال پولیس کی جانب سے اس ویڈیو کے حوالے سے کوئی باضابطہ مؤقف نہیں آیا۔