ایف آئی اے امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے وزٹ ویزے کی آڑ میں سری لنکا جا کر اسائلم (سیاسی پناہ) حاصل کرنے کی کوشش ناکام بنادی اور ایک ہی خاندان کے افراد کو آف لوڈ کر دیا۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق بہاولپور سے تعلق رکھنے والی فیملی سری لنکا روانگی کے لیے ایئرپورٹ پہنچی تھی، تاہم امیگریشن کلیئرنس کے دوران شک ہونے پر انہیں مزید جانچ پڑتال کے لیے روکا گیا۔
تفصیلی انٹرویو کے دوران مسافروں کا سفری پلان غیر واضح پایا گیا، جبکہ ان کے پاس نہ تو ہوٹل بکنگ تھی اور نہ ہی مناسب مالی وسائل موجود تھے۔
دورانِ تفتیش خاتون مسافر رخسانہ نے انکشاف کیا کہ ان کا شوہر گزشتہ 5 سال سے سری لنکا میں مقیم ہے اور وہاں اقوام متحدہ کے تحت سیاسی پناہ حاصل کر چکا ہے۔ مسافروں نے اعتراف کیا کہ وہ بھی سری لنکا جا کر اسائلم حاصل کرنے کا ارادہ رکھتے تھے اور وزٹ ویزا صرف اصل مقصد چھپانے کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔
مسافر محسن نواز نے انکشاف کیا کہ انہوں نے اختر نامی ایجنٹ کو فی کس 5 لاکھ 50 ہزار روپے ادا کیے تھے۔ حقائق سامنے آنے پر ایف آئی اے نے فیملی کو آف لوڈ کر دیا اور کیس مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل (AHTC) کراچی کے حوالے کردیا گیا ہے۔