ڈیفنس میں ڈانس پارٹی پر درخشاں پولیس کا چھاپہ، 16 مرد، 5 خواتین گرفتار

image

کراچی کے علاقے ڈی ایچ اے فیز 6 میں درخشاں پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ایک کیفے میں جاری ڈانس پارٹی کو ناکام بنا کر 16 مردوں اور 5 خواتین سمیت 21 افراد کو گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق چھوٹا نشاط کمرشل کی لین 4 میں واقع ’کیفے K کلب‘ پر چھاپہ مارا گیا جہاں تیز موسیقی کے دوران فحش ڈانس پارٹی منعقد کی جا رہی تھی اور مضرِ صحت حقہ و شیشہ کا استعمال بھی جاری تھا۔

کارروائی کے دوران پولیس نے موقع سے 3 عدد حقہ، 11 مختلف فلیورز اور ایک بڑا اسپیکر قبضے میں لے لیا۔

گرفتار مرد ملزمان میں احمد، ایان، علی، اسامہ، فہیم، سیف خان، اسد، محمد ابراہیم، محب علی، مہاد، علی خان، تنزیل، نصیر علی، عبداللہ، احسن اور عبداللہ ولد بشیر شامل ہیں، جبکہ خواتین میں کائنات، مشال، مہنور، اقصیٰ اور ندا کو حراست میں لیا گیا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ چھاپے کے دوران ایک خاتون فروا اور کچھ دیگر افراد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جن کی تلاش جاری ہے۔

گرفتار ملزمان کے خلاف تھانہ درخشاں میں تعزیراتِ پاکستان کی مختلف دفعات اور ساؤنڈ سسٹم آرڈیننس کے تحت مقدمہ نمبر 226/2026 درج کر کے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US