کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی دو نمبر چورنگی کے قریب پیش آنے والے افسوسناک ٹریفک حادثے میں کمسن بچہ جاں بحق جبکہ اس کی ماں زخمی ہو گئی۔
پولیس کے مطابق ایک فیملی اسکوٹی پر سوار ہو کر شاہ فیصل کالونی دو نمبر چورنگی کے قریب سے گزر رہی تھی کہ اس دوران ڈس بیلنس ہونے کے باعث اسکوٹی سوار خاتون اور اس کا کمسن بچہ سڑک پر گر گئے۔ اسی اثناء میں پیچھے سے آنے والے اناج سے لدا ٹرک بچے کے اوپر سے گزر گیا، جس کے نتیجے میں بچہ موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ اس کی ماں شدید زخمی ہوگئی۔
حادثے کے بعد موقع پر موجود مشتعل شہریوں نے ٹرک کو گھیرے میں لے لیا اور ڈرائیور کو پکڑ کر تشدد کا نشانہ بنایا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور مشتعل ہجوم سے ڈرائیور کو چھڑاتے ہوئے حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا، جبکہ ٹرک کو بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔