پاکستان کو ٹرانزٹ پوائنٹ بنا کر یورپ جانے کی کوشش ناکام، 2 بنگلادیشی باشندے گرفتار

image

ایف آئی اے امیگریشن نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے پاکستان کو ٹرانزٹ پوائنٹ بنا کر آذربائیجان کے راستے یورپ جانے کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔

ایف آئی اے ترجمان کے مطابق، کراچی ایئرپورٹ پر دو بنگلادیشی شہریوں محمد راجو اور شاہد کو روکا گیا جو بنگلادیش سے ٹورسٹ ویزا پر پاکستان پہنچے تھے۔ امیگریشن کلیئرنس کے دوران ان کے بیانات میں تضاد پایا گیا، مسافروں نے اپنے دورے کا مقصد پاکستان میں کسی شادی کی تقریب میں شرکت بتایا تھا، تاہم جانچ کے دوران یہ شادی جعلی ثابت ہوئی۔

مزید تفتیش اور مسافروں کے موبائل فونز کی تلاشی لینے پر واٹس ایپ گروپ چیٹس اور دیگر شواہد برآمد ہوئے، جن سے آذربائیجان کے ذریعے آگے یورپ تک سفر کرنے کی منصوبہ بندی کا انکشاف ہوا۔ موبائل فون سے آذربائیجان کے ویزوں کی الیکٹرانک کاپیاں بھی ملی ہیں، جبکہ آئی بی ایم ایس تصدیق سے یہ بھی ثابت ہوا کہ جس میزبان کے نام پر وہ پاکستان آئے تھے وہ خود ملک میں موجود ہی نہیں ہے۔

ترجمان کے مطابق حقائق سے یہ واضح ہوا کہ دونوں مسافر پاکستان کو ٹرانزٹ پوائنٹ کے طور پر استعمال کرتے ہوئے ڈنکی روٹ کے ذریعے یورپ پہنچنا چاہتے تھے۔ ایف آئی اے نے دونوں مسافروں کو آف لوڈ کردیا ہے اور ان کے خلاف مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US