ملک بھر میں اے این ایف کا منشیات اسمگلنگ کے خلاف کریک ڈاؤن، 8 ملزمان گرفتار

image

انسدادِ منشیات فورس (اے این ایف) نے ملک کے مختلف شہروں میں منشیات اسمگلنگ کے خلاف بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے 8 آپریشنز میں 8 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان اے این ایف کے مطابق کارروائیوں کے دوران 2 کروڑ 62 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 164.38 کلوگرام منشیات برآمد کی گئی۔

اے این ایف حکام کے مطابق لاہور میں واقع ایک کوریئر آفس میں آسٹریلیا بھیجے جانے والے پارسل سے کپڑوں میں جذب شدہ 7.8 کلوگرام آئس برآمد کی گئی، جبکہ ایک اور کارروائی میں سعودی عرب جانے والے پارسل میں اے بی سٹریپ کے اندر چھپائی گئی 503 گرام چرس پکڑی گئی۔

شیخوپورہ میں چاہل کلاں ٹول پلازہ کے قریب 2 گاڑیوں سے 78 کلوگرام چرس برآمد کر کے 3 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔

اسی طرح کراچی کے علاقے گلشنِ اقبال میں ایک ملزم کے قبضے سے 39.6 کلوگرام چرس برآمد ہوئی، جبکہ گڈاپ ٹاؤن کے قریب ایک گاڑی سے 30 کلوگرام چرس برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

اے این ایف نے راولپنڈی ریلوے اسٹیشن کے قریب ایک ملزم کے قبضے سے 4.8 کلوگرام آئس اور 300 گرام ہیروئن برآمد کی، جبکہ فیض آباد بس ٹرمینل کے قریب ایک اور ملزم سے 1 کلوگرام آئس قبضے میں لی گئی۔

مزید برآں ضلع گوادر کے قریب کارروائی کے دوران 2.380 کلوگرام وزنی 4500 ایکسٹیسی گولیاں بھی برآمد کی گئیں۔

ترجمان اے این ایف کا کہنا ہے کہ تمام کارروائیوں کے بعد انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US