میرپورخاص: طالبہ خودکشی کیس، کالج انتظامیہ سمیت 5 افراد کیخلاف مقدمہ درج

image

میرپورخاص میں میڈیکل طالبہ کی پُراسرار خودکشی کے کیس میں اہم پیشرفت سامنے آگئی ہے، جس کے بعد کالج انتظامیہ سمیت 5 افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

پولیس کے مطابق مقدمہ کالج پرنسپل تنویر عالم، ان کی اہلیہ پروفیسر فرزانہ، فارمیسی لیکچرر عابد لغاری اور دو طالب علموں کے خلاف درج کیا گیا ہے۔ مقدمے میں ہراسانی اور طالبہ کو خودکشی پر مجبور کرنے کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق نامزد ملزمان پر الزام ہے کہ لیکچرر اور دو طالب علم متوفیہ کو بلیک میل کرتے رہے، جبکہ اس معاملے پر کالج پرنسپل اور ان کی اہلیہ کو متعدد بار آگاہ کیا گیا۔ تاہم کارروائی کرنے کے بجائے طالبہ پر شکایت واپس لینے کے لیے دباؤ ڈالا گیا۔

مقدمے میں مزید کہا گیا ہے کہ شکایت واپس نہ لینے کی صورت میں طالبہ کو داخلہ منسوخ کرنے کی دھمکیاں دی گئیں اور اسے مسلسل ہراساں کیا جاتا رہا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ متوفیہ طالبہ کے ماموں کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US