میرپورخاص میں میڈیکل کی طالبہ کی خودکشی اور ہراسانی کے مقدمے میں نامزد مرکزی ملزم عابد لغاری کو پولیس نے گزشتہ شب گرفتار کرلیا۔
دستاویزات کے مطابق ملزم ضلع ٹنڈواللہ یار کے پرائمری اسکول میں سرکاری استاد کے طور پر تعینات تھا، تاہم وہ گزشتہ 2 سال سے ایک نجی میڈیکل کالج میں بطور فارمیسی لیکچرر بھی پڑھا رہا تھا۔
اس واقعے پر کارروائی کرتے ہوئے وزیر تعلیم سندھ نے مذکورہ سرکاری ٹیچر کو معطل کر کے شوکاز نوٹس جاری کردیا ہے اور واضح کیا ہے کہ مجرمانہ ذہنیت کے افراد کو محکمہ تعلیم میں برداشت نہیں کیا جائے گا۔
دوسری جانب طالبہ کی ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ بھی سامنے آگئی ہے، جس کے مطابق طالبہ کو سینے میں بائیں جانب گولی لگی جو دل کو نقصان پہنچاتے ہوئے جسم کے پار ہوگئی، جس کے بعد طالبہ کی موت واقع ہوئی۔