راولپنڈی کے بینظیر بھٹو اسپتال سے سزا یافتہ قیدی فرار، مقدمہ درج

image

راولپنڈی میں اڈیالہ جیل سے علاج کے لیے بینظیر بھٹو اسپتال منتقل کیا گیا سزا یافتہ قیدی فرار ہوگیا، جس کے بعد پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔

پولیس کے مطابق فرار ہونے والے قیدی کی شناخت جمیل کے نام سے ہوئی ہے، جو منشیات اسمگلنگ کے مقدمے میں سزا کاٹ رہا تھا۔ واقعے کے بعد تھانہ وارث خان میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق ڈیوٹی پر موجود اے ایس آئی عمران احمد اور کانسٹیبل قمر علی کو بھی مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے۔ مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ قیدی جمیل کو اس کا بیٹا عدنان اور ایک نامعلوم شخص وہیل چیئر پر وارڈ سے باہر لے گئے، جہاں سے اسے گاڑی میں بٹھا کر فرار کرا دیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ جمیل کے خلاف گزشتہ سال پنجاب کاؤنٹر نارکوٹکس فورس میں منشیات اسمگلنگ کا مقدمہ درج ہوا تھا۔ عدالت نے جرم ثابت ہونے پر اسے 9 سال قید اور ایک لاکھ 80 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی۔

پولیس کے مطابق فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپہ مار کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US