راولپنڈی جوڈیشل کمپلیکس میں مبینہ طور پر غیر اخلاقی سرگرمیوں کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ سول لائنز پولیس میں سیشن کورٹ کے چوکیدار کی مدعیت میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔ مدعی کے مطابق انہوں نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو دیکھی جس میں راولپنڈی جوڈیشل کمپلیکس کے اندر مرد و خواتین کو مبینہ طور پر غیر مناسب حرکات کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
مدعی نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ واقعہ جوڈیشل کمپلیکس کے اس حصے میں پیش آیا جو وکلا کے زیر استعمال رہتا ہے۔ ان کے مطابق ویڈیو میں موجود افراد کے چہرے واضح ہیں اور ان کی شناخت ممکن ہے۔
مدعی مقدمہ نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کو گرفتار کر کے قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔
پولیس نے مقدمہ درج کرنے کے بعد ویڈیو میں نظر آنے والے افراد کی شناخت اور گرفتاری کے لیے تفتیش شروع کردی ہے۔