کراچی: قطر جانے کی کوشش کرنے والا مسافر آف لوڈ، جعلی ڈرائیونگ لائسنس برآمد

image

فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) امیگریشن نے کراچی ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے مبینہ جعلی ڈرائیونگ لائسنس کے ذریعے قطر جانے کی کوشش کرنے والے ایک مسافر کو آف لوڈ کردیا۔

حکام کے مطابق مسافر نعمان شوکت قطر میں ڈرائیور کی ملازمت کے لیے سفر کر رہا تھا۔ امیگریشن کلیئرنس کے دوران اس کی جانب سے پیش کیا گیا پاکستانی ڈرائیونگ لائسنس مشکوک قرار پایا، جس پر مزید جانچ کی گئی۔

ایف آئی اے کے مطابق لائسنس پر درج کیو آر کوڈ کو اسکین کرنے پر حاصل ہونے والی معلومات مسافر کے شناختی کوائف سے مطابقت نہیں رکھتی تھیں، جس کے بعد دستاویز کو جعلی قرار دیتے ہوئے مسافر کو سفر سے روک دیا گیا۔

ابتدائی تفتیش کے دوران مسافر نے مؤقف اختیار کیا کہ اس نے مذکورہ ڈرائیونگ لائسنس ایک سی ٹی ڈی اہلکار کے ذریعے حاصل کیا تھا۔

حکام کا کہنا ہے کہ جعلی دستاویزات کے استعمال کے شبہے پر مسافر کو مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کے لیے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کے حوالے کر دیا گیا ہے، جہاں واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US