کراچی میں اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (ایس ایس یو) ہیڈ کوارٹرز میں بھرتیوں کے لیے منعقدہ فزیکل اور اینڈورنس ٹیسٹ کے دوران تین جعلی امیدواروں کو گرفتار کرلیا گیا۔
ترجمان کے مطابق کارروائی وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کی، جس دوران تین افراد کو دوسرے امیدواروں کی جگہ ٹیسٹ دینے کی کوشش کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔
ابتدائی دستاویزاتی جانچ پڑتال کے دوران بختیار، شمن علی اور امجد کی شناخت مشکوک پائی گئی، جس پر انہیں حراست میں لے لیا گیا۔ تحقیقات میں معلوم ہوا کہ ملزمان سہینو خان، ہادی بخش اور آفتاب احمد کے نام پر بھرتی کے عمل میں شریک ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔
حکام کے مطابق گرفتار افراد کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔