لاہور: 20 لاکھ روپے سے زائد ای چالان واجب الادا، ریکارڈ ہولڈر موٹر سائیکل سوار گرفتار

image

لاہور ٹریفک پولیس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کا غیر معمولی ریکارڈ رکھنے والے ایک موٹر سائیکل سوار کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اسے حراست میں لے لیا۔

چیف ٹریفک آفیسر لاہور عبدالرحیم شیرازی کے مطابق باز محمد نامی شہری پر 20 لاکھ 88 ہزار 800 روپے سے زائد مالیت کے ای چالان واجب الادا ہیں۔ ٹریفک اہلکاروں نے معمول کی چیکنگ کے دوران موٹر سائیکل سوار کو رکنے کا اشارہ کیا، جس کے بعد اس کی تفصیلات جانچنے پر حیران کن انکشافات سامنے آئے۔

سی ٹی او کے مطابق باز محمد کے نام پر 421 گاڑیاں، رکشے اور موٹر سائیکلیں رجسٹرڈ ہیں، جو ایک غیر معمولی تعداد ہے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے اس کی موٹر سائیکل قبضے میں لے کر تھانہ مسلم ٹاؤن منتقل کردی۔

مزید برآں باز محمد کے نام پر رجسٹرڈ تمام گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو بلیک لسٹ کردیا گیا ہے تاکہ ان کے خلاف قانونی کارروائی کو یقینی بنایا جاسکے۔

عبدالرحیم شیرازی کا کہنا ہے کہ لاہور میں ای چالان نادہندگان کے خلاف مہم جاری ہے اور اب تک ایک لاکھ سے زائد گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کو بلیک لسٹ کیا جاچکا ہے۔ انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور واجب الادا جرمانے بروقت ادا کریں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US