کراچی: پسند کی شادی کرنے والی تشدد کا شکار 18 سالہ لڑکی جاں بحق

image

کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں 18 سالہ لڑکی کی ہلاکت کا افسوسناک واقعہ سامنے آیا ہے جہاں اہلِ خانہ نے مقتولہ کے شوہر پر مبینہ تشدد اور ہراسانی کے سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔

پولیس کے مطابق سرجانی ٹاؤن کے علاقے سیف المری گوٹھ میں ایک گھر سے نوجوان لڑکی کی لاش ملنے کی اطلاع پر کارروائی کی گئی۔ جاں بحق ہونے والی لڑکی کی شناخت 18 سالہ مصباح کے نام سے ہوئی جس کی لاش قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کی گئی۔

اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ مصباح نے تقریباً چار ماہ قبل اپنی پسند سے شادی کی تھی تاہم شادی کے بعد اسے مبینہ طور پر تشدد اور دباؤ کا سامنا کرنا پڑا۔ مقتولہ کی والدہ اور بھائی نے الزام عائد کیا کہ شوہر مختلف مطالبات کرتا تھا اور دھمکیاں بھی دیتا رہا۔

دو روز قبل مصباح کے علاقے سے چھولے والے کا فون آیا جس نے بتایا کہ ان کی بیٹی شدید زخمی حالت میں اس کے ٹھیلے کے نیچے سے ملی ہے۔ مقتولہ کی والدہ نے ملزم کے خوف سے خود ملیر جانے سے انکار کر دیا اور چھولے والے سے درخواست کی کہ وہ اسے چھوڑ جائے جس پر چھولے والا مصباح کو سرجانی ٹاؤن کے ڈی اے کے قریب چھوڑ گیا۔

مقتولہ کے بھائی عثمان کے مطابق وہ زخمی مصباح کو لے کر سرجانی ٹاؤن تھانے گئے لیکن پولیس نے ان کی ایک نہ سنی اور کیس کو ملیر کا قرار دے کر وہاں جانے کا کہہ دیا۔ تھانے سے مایوس ہو کر وہ خدا کی بستی میں واقع ایک نجی اسپتال گئے جہاں ڈاکٹر نے اسے ابتدائی دوا دی۔ جب بہن کے سر کا زخم صاف کیا گیا تو اس میں سے چائے کی پتی نکلی جس پر مصباح نے بتایا تھا کہ شہریار نے اس کے سر پر پیچ کس مارا اور پھر زخم کے اندر نمک ڈال کر چائے کی پتی بھر دی تھی جبکہ جسم کے دیگر حصوں پر بھی بدترین تشدد کیا گیا تھا۔

پیر کی رات مصباح واش روم میں بے ہوش ہو کر گر گئی جب اسے اٹھا کر کمرے میں لایا گیا تو وہ دم توڑ چکی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لڑکی اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی جاں بحق ہو چکی تھی۔

پولیس حکام کے مطابق مقتولہ کی والدہ ملزم کے خوف یا صدمے کے باعث لاش کو اسپتال لے جانے اور پوسٹ مارٹم کرانے سے روک رہی تھی اور کسی قسم کی قانونی کارروائی نہیں چاہتی تھی تاہم پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد لاش ورثا کے حوالے کر دی ہے۔ پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ایس ایس پی ویسٹ کی ہدایات کے بعد مقدمہ درج کرنے کا حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US