ٹیسٹ سیریز کے لیے منتخب ہونے کا امکان کم، شاہین شاہ آفریدی ناخوش

image

پاکستان کے تجربہ کار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کے رواں سال ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف آئندہ ٹیسٹ میچوں کے لیے منتخب ہونے کا امکان نہیں ہے اور وہ اس صورتحال پر خوش نہیں ہیں۔

قومی ٹیم مینجمنٹ اور سلیکٹرز کے قریبی ذرائع کے مطابق، 26 سالہ شاہین آفریدی، جو قومی ون ڈے (ODI) اسکواڈ کے کپتان ہیں، کا ٹیسٹ سیریز کے لیے منتخب ہونے کا امکان کم ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ”سلیکٹرز اور مینجمنٹ کا ماننا ہے کہ یہ زیادہ بہتر ہوگا اگر شاہین کے ورک لوڈ کو مینیج کیا جائے اور وہ یہاں سے وائٹ بال کرکٹ پر زیادہ توجہ مرکوز کریں۔“

تاہم ذرائع نے اس بات کی تصدیق کی کہ فاسٹ بولر خود اس سوچ سے خوش نہیں ہیں کیونکہ وہ ابھی نوجوان ہیں اور مزید ٹیسٹ میچ کھیلنے کے خواہشمند ہیں۔

شاہین، جنہوں نے 34 ٹیسٹ میچوں میں 126 وکٹیں حاصل کی ہیں، نے اس کے برعکس 2018 میں کھیل کے تینوں فارمیٹس میں ڈیبیو کرنے کے بعد سے اب تک 77 ون ڈے اور 103 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے ہیں۔

لیکن سلیکٹرز پہلے ہی انہیں کچھ عرصے سے ٹیسٹ ٹیم سے باہر رکھ رہے ہیں اور دسمبر 2023 سے اب تک شاہین نے صرف 7 ٹیسٹ میچ کھیلے ہیں، حالانکہ اس عرصے کے دوران پاکستان نے 16 ٹیسٹ میچوں میں شرکت کی ہے۔

ایک اور ذرائع نے بتایا کہ وائٹ بال کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے بھی شاہین کے ورک لوڈ کو مینیج کرنے کے فیصلے کی تائید کی ہے، جنہوں نے حال ہی میں ہوم ون ڈے سیریز میں اپنی ٹیم کو آسٹریلیا کے خلاف 2-1 سے فتح دلائی تھی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سلیکٹرز نے ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے دیگر تیز گیند بازوں کو ٹیسٹ میچوں میں کھیلنے کے زیادہ مواقع دینے کا فیصلہ کیا ہے، جن میں نمایاں طور پر محمد علی، محمد عباس اور خرم شہزاد وغیرہ شامل ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US