ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں نیشنل چیمپئنز کپ کا میلہ سجنے کو تیار، شائقین کا دو انکلوژرز میں داخلہ مفت

image

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں منگل سے نیشنل چیمپئنز کپ کا باقاعدہ آغاز ہو رہا ہے، جس میں چار ٹیمیں پاکستان گرینز، پاکستان گولڈ، پاکستان وائٹس اور پاکستان بلوز میدان میں اتریں گی۔ اس اہم ٹورنامنٹ میں قومی کرکٹرز شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان، صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب اپنی اپنی ٹیموں کی قیادت کے فرائض انجام دیں گے۔

یہ ٹورنامنٹ اگلے سال منعقد ہونے والے آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے سلسلے میں قومی ٹیم کی تیاریوں کے اہم مرحلے کے طور پر منعقد کیا جا رہا ہے। ایونٹ کی فاتح ٹیم کے لیے 50 لاکھ روپے اور رنرز اپ ٹیم کے لیے 25 لاکھ روپے کی انعامی رقم کا اعلان کیا گیا ہے۔

شائقینِ کرکٹ کے لیے میچز کی براہِ راست نشریات کا بھی مکمل اہتمام کیا گیا ہے۔ تمام مقابلے پی ٹی وی اسپورٹس پر براڈکاسٹ کیے جائیں گے، جبکہ پاکستان میں صارفین 'ٹیپ میڈ' اور 'تماشا' پر لائیو اسٹریمنگ دیکھ سکیں گے۔

بیرونِ ملک مقیم کرکٹ فینز پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے آفیشل یوٹیوب چینل کے ذریعے تمام میچز براہِ راست دیکھ سکیں گے۔ اس کے علاوہ اسٹیڈیم میں شائقین کی سہولت کے لیے فضل محمود اور عمران خان انکلوژرز میں داخلہ بالکل مفت رکھا گیا ہے۔

ٹورنامنٹ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ اس ایونٹ کا بنیادی مقصد ورلڈ کپ کی تیاری اور ایک مضبوط بیک اپ تیار کرنا ہے۔ صائم ایوب نے کہا کہ ٹیم کا ہر کھلاڑی اہم ہے اور ان کی تمام تر توجہ ٹورنامنٹ جیتنے پر مرکوز ہوگی۔

صاحبزادہ فرحان کا کہنا تھا کہ نوجوان اور باصلاحیت کھلاڑیوں کے ساتھ ون ڈے کرکٹ کھیلنا ایک اچھا چیلنج ثابت ہوگا۔ جبکہ فہیم اشرف نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان گرینز ایک متوازن ٹیم ہے اور امید ہے کہ ٹیم ایونٹ میں شاندار پرفارمنس دے گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US