صوبائی دارالحکومت لاہور کے رنگ محل علاقے میں تیزاب گردی کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک شخص نے مبینہ طور پر آب زمزم پلانے کے بہانے دکان پر موجود افراد پر تیزاب پھینک دیا، جس کے نتیجے میں 6 افراد جھلس کر زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ملزم ایک بیگ میں دو بوتلیں لے کر دکان پر پہنچا اور وہاں موجود افراد سے کہا کہ ’’تمہیں اب زم زم پلاتا ہوں‘‘، جس کے فوراً بعد اس نے بوتلوں میں موجود تیزاب ان پر پھینک دیا اور موقع سے فرار ہوگیا۔
واقعے میں محمد منیر، وحید، عثمان، طاہر، ناظم اور اشرف زخمی ہوئے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تمام زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے، جبکہ دو افراد زیر علاج ہیں اور چار کو ابتدائی طبی امداد کے بعد گھر جانے کی اجازت دے دی گئی۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے، جبکہ اطلاع ملتے ہی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم رشید کو گرفتار کرلیا۔ ایس پی سٹی کے نوٹس اور ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کی ہدایات پر ایس ایچ او رنگ محل فرح مشتاق نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو حراست میں لیا۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق ملزم نے پانچ روز قبل ہونے والی گالم گلوچ اور بدتمیزی کی رنجش پر یہ قدم اٹھایا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے جبکہ واقعے کے دیگر پہلوؤں کی بھی تفتیش جاری ہے۔