کراچی کے علاقے ماڈل کالونی میں پین بم دھماکے کے معاملے کا ڈراپ سین ہوگیا ہے جبکہ سی ٹی ڈی کی تحقیقات میں واقعے کی اصل حقیقت سامنے آ گئی ہے۔
تحقیقاتی ذرائع کے مطابق زخمی ہونے والے نوجوان کو کوئی پین بم نہیں ملا تھا اور اس نے ابتدائی طور پر غلط بیان دیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نوجوان اپنے کزن کی سالگرہ کی تقریب کے لیے پٹاخہ لایا تھا۔
تحقیقات کے مطابق نوجوان کے ہاتھ میں پٹاخہ پھٹنے سے وہ زخمی ہوا جبکہ یہ پٹاخہ سالگرہ کی تقریب کے لیے خریدا گیا تھا۔
سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق ایک ویڈیو بھی حاصل کی گئی ہے جو زخمی شخص کے کزن کے موبائل سے ملی جس میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ہاتھ میں پٹاخہ پھٹنے سے حادثہ پیش آیا۔
واضح رہے کہ ماڈل کالونی میں سڑک کنارے مشتبہ شے پھٹنے سے شہری زخمی ہوا تھا جس پر ابتدائی طور پر اسے پین بم سمجھا گیا تھا۔ تاہم بعد ازاں تحقیقات میں یہ واقعہ غلط فہمی اور حادثہ قرار پایا۔