کراچی کے علاقے گلستانِ جوہر میں معروف کرپٹو ٹریڈر اور فری لانسر جان شیر خان عرف جے ایس راؤ کے اغوا اور لوٹ مار کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے۔
پولیس کے مطابق متاثرہ شہری نے مقدمے میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ 16 جون کی رات نامعلوم مسلح ملزمان نے انہیں گاڑی سے ٹکر مار کر اغوا کیا اور نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔
ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے تشدد کے ذریعے متاثرہ شخص کے آن لائن اکاؤنٹس اور ڈیجیٹل والٹس تک رسائی حاصل کی اور لاکھوں ڈالر مالیت کے کرپٹو اثاثے منتقل کر لیے۔ ملزمان مبینہ طور پر ان کا آئی فون 16 بھی ساتھ لے گئے اور ان کے دوستوں سے بھی رقم طلب کی۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک موٹرسائیکل اور کالے رنگ کی گاڑی کو دیکھا جا سکتا ہے جہاں چند افراد موٹرسائیکل سوار کو پکڑ کر تشدد کرتے ہوئے واپس لے جاتے نظر آتے ہیں۔
متاثرہ شہری کے مطابق انہیں بعد ازاں بن قاسم کے علاقے میں آنکھوں پر پٹی باندھ کر چھوڑ دیا گیا جہاں سے وہ گھر پہنچے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں جبکہ مزید سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کر کے ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔