حج 2027 کی آن لائن رجسٹریشن کا آغاز، 20 ہزار سے زائد درخواستیں موصول

image

وزارتِ مذہبی امور نے حج 2027 کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے جبکہ ابتدائی 24 گھنٹوں کے دوران 20 ہزار 124 افراد اپنی رجسٹریشن مکمل کر چکے ہیں۔

ترجمان وزارتِ مذہبی امور کے مطابق نیشنل آئی ٹی بورڈ کے تعاون سے حج آپریشن کو مکمل طور پر پیپر لیس اور اینڈ ٹو اینڈ ڈیجیٹل نظام میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔ اس مقصد کے لیے آن لائن پورٹل اور پاک حج موبائل ایپ متعارف کرائی گئی ہے جس کے ذریعے عازمین کے لیے رجسٹریشن کا عمل مزید آسان بنا دیا گیا ہے۔

وزارت کے مطابق اب تک 30 ہزار سے زائد صارفین آن لائن پورٹل پر اپنے اکاؤنٹس بھی بنا چکے ہیں۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ حج 2027 کے لیے سرکاری اور نجی دونوں اسکیموں کے تحت درخواست دینے والے تمام عازمین کے لیے رجسٹریشن لازمی ہوگی۔

ترجمان نے بتایا کہ درخواست گزاروں کو رجسٹریشن کے دوران فیملی گروپ تشکیل دینے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ پری رجسٹریشن مرحلے میں ڈیجیٹل تصویر اور قومی شناختی کارڈ یا ب فارم کی فراہمی ضروری قرار دی گئی ہے۔

وزارتِ مذہبی امور کے مطابق قابلِ استعمال پاکستانی پاسپورٹ کی شرط آئندہ مراحل میں لازمی ہوگی جبکہ رجسٹریشن کے عمل کو شفاف، مؤثر اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کے لیے ڈیجیٹل نظام کو مزید وسعت دی جا رہی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US