ریڈ زون میں قائم وزارتوں کے لیے ورک فرام ہوم کا اعلان، اہم ادارے کھلے رہیں گے

image

کابینہ ڈویژن نے وفاقی دارالحکومت کے ریڈ زون میں قائم وزارتوں اور ڈویژنز کے لیے 23 جون کو ورک فرام ہوم کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ریڈ زون میں واقع تمام وزارتوں اور ڈویژنز کے ملازمین آج گھر سے اپنے فرائض سرانجام دیں گے، تاہم اہم نوعیت کے سرکاری ادارے اور وزارتیں معمول کے مطابق کھلی رہیں گی اور دفتری امور جاری رکھیں گی۔

کابینہ ڈویژن کے اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعظم آفس، کابینہ ڈویژن اور فنانس ڈویژن معمول کے مطابق کام کریں گے۔ اس کے علاوہ وزارتِ داخلہ، وزارتِ خارجہ، وزارتِ قانون، وزارتِ تجارت اور وزارتِ صنعت و پیداوار کے دفاتر بھی کھلے رہیں گے۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)، وزارتِ پارلیمانی امور، پلاننگ ڈویژن، سینیٹ سیکریٹریٹ اور قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں بھی دفتری سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہیں گی۔

حکام کے مطابق یہ انتظامی فیصلہ خصوصی سیکیورٹی اور سرکاری مصروفیات کے پیش نظر کیا گیا ہے تاکہ ضروری حکومتی امور کی انجام دہی بلا تعطل جاری رہ سکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US