پنجگور میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام

image

بلوچستان کے ضلع پنجگور میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردی کی ایک بڑی سازش ناکام بنادی۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پنجگور کے علاقے جیرک میں کیے گئے آپریشن کے دوران ایک گاڑی سے بھاری مقدار میں اسلحہ، مواصلاتی سامان اور دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا۔ برآمد ہونے والے سامان میں 4 راکٹ فیوز اور متعدد دیسی ساختہ بم (آئی ای ڈیز) بھی شامل ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قبضے میں لیا گیا دھماکا خیز مواد کسی بڑے دہشت گرد حملے میں استعمال کیے جانے کا خدشہ تھا، تاہم سیکیورٹی فورسز کی بروقت اور پیشہ ورانہ کارروائی نے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے۔

سیکیورٹی حکام کے مطابق آپریشن کے نتیجے میں علاقے کو ممکنہ بڑے جانی و مالی نقصان سے محفوظ بنا لیا گیا ہے، جبکہ دہشت گردی کے نیٹ ورک سے متعلق مزید تحقیقات جاری ہیں۔

ذرائع نے اس کامیاب کارروائی کو بلوچستان میں امن و استحکام کے قیام کے لیے سیکیورٹی فورسز کے عزم کا مظہر قرار دیتے ہوئے کہا کہ فورسز صوبے میں امن دشمن عناصر کے خلاف مؤثر کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US