کراچی میں 8 محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے سلسلے میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ پولیس کی جانب سے صدر، ریگل چوک اور اطراف کی اہم سڑکوں اور گلیوں کو بند کر دیا گیا ہے تاکہ جلوس کے دوران امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنایا جا سکے۔
پولیس حکام کے مطابق جلوس کے روٹس پر واقع دکانوں کو بھی حفاظتی اقدامات کے تحت سیل کر دیا گیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق 8 محرم کا مرکزی جلوس برآمد ہونے سے قبل ہی اس کی گزرگاہ کو مکمل طور پر بند کر دیا جائے گا۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہری متبادل راستوں کا استعمال کریں اور ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔