وفاقی وزیرِ قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن ترمیمی بل سے متعلق تحفظات پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ مالکان کی اجازت کے بغیر کسی بھی نجی املاک پر ٹیلی کام ٹاور نصب نہیں کیا جائے گا۔
اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ مجوزہ بل متنازع نہیں ہے، تاہم سینیٹ کی قائمہ کمیٹی میں بعض شقوں پر اعتراضات سامنے آئے ہیں جن پر مشاورت کا عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بل پر اٹھائے گئے تحفظات جمہوری عمل کا حصہ ہیں اور تمام خدشات کو جلد دور کر دیا جائے گا۔
وفاقی وزیر قانون کے مطابق بل کی چند شقوں میں موجود ابہام کو واضح کرنے کے لیے مزید وضاحت شامل کی جا رہی ہے تاکہ کسی قسم کی غلط فہمی باقی نہ رہے۔
انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ کسی بھی شہری کی جائیداد متاثر نہیں ہوگی اور مالکان کی واضح اجازت کے بغیر نجی املاک پر نہ کوئی ٹاور نصب کیا جائے گا اور نہ ہی ٹیلی کام کمپنیوں کو کسی قسم کی سرگرمی کی اجازت دی جائے گی۔