ایرانی صدر مسعود پزشکیان ایک روزہ دورہ مکمل کرکے وطن واپس روانہ

image

ایران کے صدر مسعود پزشکیان پاکستان کا ایک روزہ سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد وطن واپس روانہ ہو گئے۔نور خان ایئربیس پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور دیگر اعلیٰ پاکستانی حکام نے ایرانی صدر کو الوداع کیا۔ اس موقع پر صدر مسعود پزشکیان کو دورے کی یادگار تصاویر پر مشتمل خصوصی البم بھی پیش کیا گیا۔

ایرانی صدر منگل کے روز ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تھے جہاں نور خان ایئربیس پر صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

دورے کے دوران وزیراعظم ہاؤس میں ایرانی صدر کو مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا جبکہ دونوں ممالک کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مسعود پزشکیان نے ایک دوسرے کو اپنے وفود کے ارکان سے متعارف کرایا اور وزیراعظم ہاؤس کے سبزہ زار میں یادگاری پودا بھی لگایا۔

ایرانی صدر نے صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے الگ الگ ملاقاتیں کیں، جن میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق ایرانی صدر کے دورے کا مقصد امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی کی کوششوں میں پاکستان کے کردار کو سراہنا تھا۔ صدر مسعود پزشکیان نے اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کا شکریہ بھی ادا کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US