نیول چیف کا پاکستان نیوی وار کالج لاہور کا دورہ، جدید جنگی تقاضوں سے ہم آہنگی پر زور

image

پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف نے پاکستان نیوی وار کالج لاہور کا دورہ کیا اور 55ویں پاکستان نیوی اسٹاف کورس کے شرکاء سے خطاب کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نیول چیف نے اپنے خطاب میں کہا کہ مستقبل کی جنگیں روایتی جنگی تصورات پر نظرثانی اور جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ، علمی طور پر مضبوط افرادی قوت کی متقاضی ہیں۔

انہوں نے جدید جنگوں کی بدلتی ہوئی نوعیت اور سمندری سلامتی کو درپیش ابھرتے ہوئے چیلنجز پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ روایتی اور غیر روایتی خطرات سے نمٹنے کے لیے مؤثر اور لچکدار حکمت عملی اپنانا ناگزیر ہے۔

ایڈمرل نوید اشرف نے پاک بحریہ کے جدید خطوط پر استوار کرنے، مقامی سطح پر دفاعی صلاحیتوں کے فروغ اور تینوں مسلح افواج کے درمیان مشترکہ تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کورس کے شرکاء پر زور دیا کہ وہ اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، اسٹریٹجک سوچ اور آپریشنل بصیرت کو مزید بہتر بنائیں۔

نیول چیف نے سمندری چیلنجز پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بحر ہند کا خطہ تیزی سے بدلتی ہوئی جغرافیائی سیاسی صورتحال اور طاقت کے توازن کی کشمکش کے باعث حساس اور متحرک حیثیت اختیار کر چکا ہے، جس کے اثرات علاقائی سلامتی کے ماحول پر مرتب ہورہے ہیں۔

اختتامی کلمات میں ایڈمرل نوید اشرف نے 55ویں پاکستان نیوی اسٹاف کورس کے شرکاء کو کامیاب تکمیل پر مبارکباد دی اور انہیں آئندہ ذمہ داریوں کی انجام دہی میں پیشہ ورانہ مہارت، تجزیاتی صلاحیت اور جدت پسندی کو اپنانے کی تلقین کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US