وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پرواز کارڈ پروگرام کے تحت تربیت مکمل کرنے والے نوجوانوں سے ملاقات کی اور انہیں کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہنر مند نوجوان ملک و قوم کا قیمتی اثاثہ ہیں اور اپنے خاندانوں کی بہتر کفالت میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔
پرواز کارڈ پروگرام کے تحت تربیت یافتہ امیدواروں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اس منصوبے کا مقصد نوجوانوں کو جدید پیشہ ورانہ مہارتوں سے آراستہ کرنا ہے تاکہ انہیں ملکی اور بین الاقوامی سطح پر روزگار کے بہتر مواقع میسر آسکیں۔
مریم نواز نے کہا کہ حکومت پنجاب پانچ لاکھ سے زائد نوجوانوں کو ان کی پسند کے مختلف ہنر سکھانے کے لیے تربیت فراہم کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بیرون ملک ہنر مند افراد کو غیر ہنر مند کارکنوں کے مقابلے میں زیادہ مواقع اور بہتر مقام حاصل ہوتا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں اور محنت کے ذریعے معاشرے میں مثبت کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک روزگار کے مواقع نوجوانوں کے لیے نہ صرف بہتر آمدن کا ذریعہ بنتے ہیں بلکہ انہیں قیمتی تجربات اور جدید پیشہ ورانہ مہارتیں حاصل کرنے کا موقع بھی فراہم کرتے ہیں۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ تربیت یافتہ نوجوان اپنی صلاحیتوں کے بل بوتے پر ملک کا نام روشن کریں گے اور قومی ترقی میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔