مالی سال 2024-25 کی آڈٹ رپورٹ، بی آئی ایس پی میں لاکھوں افراد کو غیرقانونی ادائیگیاں

image

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کے مالی سال 2024-25 کے آڈٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ ناقص پروفائلنگ، نظامی کمزوریوں اور ضابطہ جاتی خامیوں کے باعث 6 لاکھ سے زائد نااہل افراد کو اربوں روپے کی ادائیگیاں کی گئیں۔

آڈٹ رپورٹ برائے سال 2025-26 کے مطابق بی آئی ایس پی مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم (ایم آئی ایس) میں شریک حیات کے ڈیٹا کی پروفائلنگ میں سنگین خامیاں پائی گئیں، جن کے نتیجے میں 6 لاکھ ایک ہزار 850 کیسز میں 25 ارب روپے سے زائد مالیت کی بے ضابطگیوں کی نشاندہی ہوئی۔

سرکاری آڈٹ دستاویزات کے مطابق مالی سال 2024-25 کے دوران بی آئی ایس پی کے غیر مشروط نقد منتقلی (یو سی ٹی) پروگرام کے تحت 12 ہزار 78 سرکاری ملازمین، پنشنرز اور ان کے شریک حیات کو مجموعی طور پر 515.7 ملین روپے ادا کیے گئے، حالانکہ وفاقی کابینہ کی 24 دسمبر 2019 کی ہدایات کے تحت یہ افراد پروگرام سے مستثنیٰ قرار دیے جا چکے تھے۔

آڈٹ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حاضر سروس سرکاری ملازمین، ان کے شریک حیات، پنشنرز اور پنشنرز کے شریک حیات کو مختلف کیٹیگریز میں لاکھوں روپے کی ادائیگیاں کی گئیں، جو قواعد و ضوابط کے منافی قرار دی گئی ہیں۔

رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ نظام کی کمزوریوں کے باعث گاڑیوں کے مالکان، دہری رجسٹریشن رکھنے والے افراد اور دیگر نااہل مستفیدین بھی مالی معاونت حاصل کرتے رہے۔

ڈپارٹمنٹل اکاؤنٹس کمیٹی (ڈی اے سی) نے معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے تمام نااہل مستفیدین کو فوری طور پر بلاک کرنے اور ادا کی گئی رقوم کی وصولی کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US