بلدیہ عظمیٰ کراچی کا مالی سال 2026-27 کے لیے 60 ارب 45 کروڑ روپے سے زائد کا بجٹ تیار کرلیا گیا ہے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 5 ارب روپے زیادہ ہے۔ اس نئے بجٹ میں شہر کی ترقی، بحالی، بنیادی سہولیات اور ماحولیات کی بہتری پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے بڑے مالی اہداف مقرر کیے گئے ہیں۔ میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب 28 جون کو یہ بجٹ منظوری کے لیے سٹی کونسل میں پیش کریں گے۔
ذرائع کے مطابق بجٹ تجاویز کے تحت شہر کی بہتری اور بلدیاتی وسائل میں اضافے کے لیے ہوٹلز، گیسٹ ہاؤسز اور ایئر بی این بیز (Airbnb) پر ایک فیصد ٹیکس عائد کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے یونین کمیٹیوں (UCs) میں ترقیاتی کاموں کی مد میں ایک ارب 20 کروڑ روپے جبکہ کراچی کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے لیے ایک ارب 13 کروڑ روپے رکھنے کی تجویز ہے۔ اس کے علاوہ تمام یونین کونسلز میں سولرائزیشن کے منصوبوں کے لیے 50 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ شہر کو موسمیاتی اور برساتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار کرنے کی خاطر نالوں کی صفائی کے لیے 80 کروڑ روپے کی رقم رکھی گئی ہے۔ اسی طرح ماحولیاتی بہتری اور شہر کو سرسبز بنانے کے لیے شجرکاری کے منصوبوں پر ایک ارب 15 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے، جبکہ پارکس کی حالت بہتر بنانے اور شہریوں کو تفریحی سہولیات کی فراہمی کے لیے بھی 50 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔