محرم الحرام کے لیے فول پروف سیکیورٹی اقدامات، جائزہ اجلاس میں حکام کی اہم ہدایات

image

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور سیکریٹری داخلہ کی زیر صدارت محرم الحرام کے سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں تمام صوبوں، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ہوم سیکریٹریز اور پولیس حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں محرم الحرام کے دوران نکالے جانے والے جلوسوں اور منعقد ہونے والی مجالس کے سیکیورٹی پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی اور مجموعی انتظامات کا جامع جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر امن و امان کے قیام اور فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔

وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران شہریوں کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے وفاقی حکومت کی جانب سے صوبوں کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے ہدایت کی کہ اگر کسی اضافی معاونت کی ضرورت ہو تو فوری طور پر آگاہ کیا جائے تاکہ بروقت اقدامات یقینی بنائے جا سکیں۔

طلال چوہدری نے ہوم سیکریٹریز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو سیکیورٹی اقدامات مزید مؤثر بنانے اور بین الادارہ رابطوں کو مضبوط رکھنے کی ہدایت بھی کی تاکہ محرم الحرام کے دوران امن و امان کی صورتحال مکمل طور پر برقرار رکھی جاسکے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US