اسلام آباد: نویں محرم کے مرکزی جلوس کے لیے تھری لیئر سیکیورٹی اقدامات

image

اسلام آباد پولیس نے نویں محرم الحرام کے مرکزی جلوس (جی-6) کے لیے سیکیورٹی کے جامع اور فول پروف انتظامات مکمل کرلیے ہیں۔ انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد پولیس سید علی ناصر رضوی کے مطابق جلوس کی سیکیورٹی پر ضلعی پولیس، سپیشل برانچ اور ٹریفک پولیس کے 3 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔

آئی جی اسلام آباد نے بتایا کہ جلوس کی نگرانی سیف سٹی کے مرکزی کنٹرول روم اور موبائل کنٹرول یونٹس کے ذریعے کی جائے گی، جبکہ جلوس کے روٹ کو خاردار تاروں اور قناتیں لگا کر مکمل طور پر کارڈن آف کردیا گیا ہے۔ جلوس کو تھری لیئر سیکیورٹی فراہم کی جائے گی اور روٹ پر واقع عمارتوں کی چھتوں پر اسنائپر کمانڈوز بھی تعینات ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ جلوس کے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس اور سکینرز نصب کر دیے گئے ہیں، جبکہ جدید بم ڈسپوزل اسکواڈ کے ذریعے روٹ کو کلیئر کیا جائے گا۔ جلوس کے علاقوں میں نجی ڈرون اڑانے پر پابندی عائد ہوگی۔

سید علی ناصر رضوی کے مطابق جلوس کے آگے اور پیچھے سی ٹی ڈی، ضلعی پولیس اور رینجرز کے خصوصی دستے تعینات رہیں گے، جبکہ خواتین کی چیکنگ کے لیے لیڈیز پولیس اور خواتین رضاکار خدمات انجام دیں گی۔

آئی جی اسلام آباد نے واضح کیا کہ جلوس میں صرف مختص داخلی راستوں سے ہی داخلے کی اجازت ہوگی اور جلوس کے روٹ کے اطراف گاڑیوں کی پارکنگ پر مکمل پابندی عائد رہے گی۔ انہوں نے بتایا کہ شہریوں کی سہولت اور ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے متبادل ٹریفک پلان بھی ترتیب دے دیا گیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US