سلامتی کونسل کے فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے، پاکستان اور چین کا اقوام متحدہ میں مطالبہ

image

پاکستان اور چین نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے تحت ایریا فارمولا اجلاس کا مشترکہ انعقاد کیا، جس میں سلامتی کونسل کی قراردادوں پر مکمل، مؤثر اور غیر امتیازی عملدرآمد کو یقینی بنانے کے طریقہ کار پر غور کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں اقوام متحدہ کے اسسٹنٹ سیکریٹری جنرل خالد خیاری، سیکیورٹی کونسل رپورٹ کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر شملہ کندیا اور انٹرنیشنل کرائسس گروپ کے رچرڈ گوان نے بریفنگ دی۔ مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ قراردادوں پر عملدرآمد سلامتی کونسل کے وقار، اختیار اور مؤثریت کے لیے بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔

بریفنگ کے دوران اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ قراردادوں کے ساتھ قابل عمل مینڈیٹ، واضح لائحہ عمل، مستقل نگرانی، مناسب وسائل، سیاسی عزم اور مؤثر فالو اپ کے نظام کو یقینی بنایا جانا چاہیے تاکہ سلامتی کونسل کے فیصلوں کو عملی اقدامات میں تبدیل کیا جا سکے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب، سفیر عاصم افتخار احمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ سلامتی کونسل کی قراردادیں محض اعلانات نہیں بلکہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے تحت قانونی ذمہ داریاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قراردادوں پر انتخابی یا طویل عرصے تک عمل نہ ہونے سے سلامتی کونسل کی ساکھ متاثر ہوتی ہے، تنازعات طول پکڑتے ہیں اور انسانی مشکلات میں اضافہ ہوتا ہے، جس کی مثال مقبوضہ جموں و کشمیر اور فلسطین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ جموں و کشمیر سے متعلق سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث ایک اہم بین الاقوامی تنازع اب تک حل طلب ہے، جس کے عالمی امن و سلامتی اور کشمیری عوام پر سنگین اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

پاکستان نے اجلاس میں غیر نافذ اور جزوی طور پر نافذ قراردادوں کا سالانہ جائزہ لینے، عملدرآمد کے واضح طریقہ کار وضع کرنے، مؤثر فالو اپ اور سیکریٹری جنرل کی مساعی، امن مشنز اور علاقائی انتظامات کو سلامتی کونسل کے فیصلوں سے ہم آہنگ کرنے سمیت متعدد عملی تجاویز بھی پیش کیں۔

اجلاس میں شریک سلامتی کونسل کے اراکین اور دیگر رکن ممالک نے چین اور پاکستان کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے مختلف علاقائی اور موضوعاتی معاملات میں قراردادوں پر مؤثر عملدرآمد کو مضبوط بنانے کے لیے اپنی آرا پیش کیں۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس نے اس امر کو اجاگر کیا کہ قراردادوں پر عملدرآمد سلامتی کونسل کی ساکھ اور افادیت کا بنیادی امتحان ہے، جبکہ چین اور پاکستان نے اس مشترکہ اقدام کے ذریعے کثیرالجہتی تعاون، سلامتی کونسل کے اختیار اور اقوام متحدہ کے منشور کے اصولوں سے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US