اسلام آباد میں محرم الحرام کے موقع پر پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) میں انتظامیہ نے 26 جون تک ہائی الرٹ برقرار رکھنے کا سرکلر بھی جاری کردیا ہے۔
پمز انتظامیہ کے مطابق تمام شفٹوں کا عملہ اور ایمرجنسی اسٹاف معمول کے مطابق اپنی ذمہ داریاں انجام دے گا، جبکہ ہسپتال کے کلینیکل اور نان کلینیکل شعبوں کے لیے خصوصی ایمرجنسی ڈیوٹی روسٹر بھی ترتیب دے دیے گئے ہیں۔
ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے نیورو سرجری، آرتھوپیڈک اور جنرل سرجری کے شعبوں میں اضافی آن کال عملہ تعینات کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کسی بھی ممکنہ ایمرجنسی صورتحال کے پیش نظر ہسپتال میں 10 بیڈز مخصوص رکھے گئے ہیں۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ بلڈ بینک میں خون کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور محرم الحرام کے دوران مریضوں کو ہر ممکن طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔