نواسۂ رسول حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں کی عظیم قربانی کی یاد میں ملک بھر میں یومِ عاشور مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر شبیہِ علم، تابوت اور ذوالجناح کے جلوس برآمد کیے جا رہے ہیں جبکہ مجالسِ عزا کا سلسلہ بھی جاری ہے۔
چودہ سو برس قبل میدانِ کربلا میں حضرت امام حسینؓ اور ان کے رفقا کی شہادت کی یاد میں ملک بھر میں عزاداری کی جا رہی ہے۔ عزاداروں کے لیے نیاز اور سبیلوں کا بھی وسیع انتظام کیا گیا ہے۔
کراچی میں مرکزی جلوس نشتر پارک میں مجلسِ عزا کے بعد برآمد ہوا، جو اپنے مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا منزل کی جانب روانہ ہے۔
لاہور میں مرکزی جلوس نثار حویلی، اندرون موچی گیٹ سے برآمد ہوا، جو کربلا گامے شاہ کی جانب گامزن ہے۔ جلوس میں ہزاروں عزادار مرد، خواتین اور بچے شریک ہیں۔
ملتان، پشاور، کوئٹہ، اسلام آباد، راولپنڈی، گلگت، اسکردو، مظفرآباد اور دیگر شہروں میں بھی یومِ عاشور کے جلوس اور مجالسِ عزا منعقد کی جا رہی ہیں۔
ملک بھر میں یومِ عاشور کے موقع پر سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ جلوسوں کے راستوں پر پولیس، رینجرز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار تعینات ہیں تاکہ عزاداری کے اجتماعات پرامن انداز میں اختتام پذیر ہوں۔