وزیراعظم شہباز شریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے یومِ عاشور کے موقع پر اپنے خصوصی پیغامات میں حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے قوم پر زور دیا ہے کہ وہ صبر، استقامت، ایثار، حق گوئی اور انصاف کے اصولوں کو اپنی زندگی کا حصہ بنائے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ عاشور ہمیں صبر، استقامت، ایثار، حق گوئی اور اصولوں پر ثابت قدم رہنے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعۂ کربلا اس حقیقت کی یاد دلاتا ہے کہ اصولوں اور اقدار کی پاسداری ہی ایک مہذب معاشرے کی بنیاد ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں عدل و انصاف، صبر و برداشت، ذمہ داری، باہمی احترام اور قومی یکجہتی کو فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے علما، مشائخ، ذاکرین اور میڈیا پر زور دیا کہ وہ یومِ عاشور کے حقیقی پیغام کو اجاگر کریں، بین المسالک ہم آہنگی کو فروغ دیں اور اشتعال انگیزی و نفرت کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ یومِ عاشور صبر، استقامت، ایثار، حق گوئی اور اصولوں پر ثابت قدم رہنے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ واقعۂ کربلا صرف ایک تاریخی سانحہ نہیں بلکہ ایک دائمی پیغام اور پوری انسانیت کے لیے رہنمائی کا سرچشمہ ہے۔
صدر مملکت نے قوم پر زور دیا کہ یومِ عاشور کے موقع پر امن، رواداری، احترام، بھائی چارے اور اتحاد کی فضا کو فروغ دیا جائے اور حضرت امام حسینؓ کی تعلیمات سے رہنمائی حاصل کی جائے۔