بغیر قانونی جواز کسی کا بینک اکاؤنٹ منجمد نہیں کیا جا سکے گا، اسٹیٹ بینک

image

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں ملک بھر کے بینکوں کے لیے نئی ہدایات جاری کر دی ہیں جن کے تحت کسی بھی بینک اکاؤنٹ پر پابندی یا اسے منجمد کرنے کا عمل صرف قانونی تقاضے پورے ہونے اور مجاز اتھارٹی کی منظوری کے بعد ہی ممکن ہوگا۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے عدالتی حکم پر عمل درآمد سے متعلق رپورٹ بھی اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرا دی گئی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ کسی شہری کے بینک اکاؤنٹ کے خلاف کارروائی صرف متعلقہ قانون اور مناسب تصدیق کی بنیاد پر کی جا سکے گی۔

جاری کردہ ہدایات کے مطابق بینکوں کو بغیر قانونی جواز یا مجاز اتھارٹی کی تصدیق کے اکاؤنٹس بلاک کرنے، ڈیبٹ پابندیاں لگانے یا آپریشنل رکاوٹیں پیدا کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ اس امر کو بھی یقینی بنانے پر زور دیا گیا ہے کہ غیر ارادی یا احتیاطی اقدامات کے باعث اکاؤنٹ ہولڈرز کو کسی قسم کا نقصان نہ پہنچے۔

اسٹیٹ بینک نے بینکوں کو اپنے داخلی نظام اور طریقہ کار مزید مؤثر بنانے کی بھی ہدایت کی ہے تاکہ صارفین کو غیر ضروری یا غیر قانونی پابندیوں سے محفوظ رکھا جا سکے۔

واضح رہے کہ یہ ہدایات ایک مقدمے کے پس منظر میں جاری کی گئی ہیں، جس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے بینکوں کو قانونی اختیار کے بغیر اکاؤنٹس بلاک کرنے سے روکتے ہوئے اسٹیٹ بینک کو واضح پالیسی اور مؤثر اندرونی نظام وضع کرنے کا حکم دیا تھا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US