پاکستانی آٹو موبائل صنعت کے لیے بڑی کامیابی، مقامی گاڑیاں بنگلا دیش برآمد ہوں گی

image

پاکستان کی آٹو موبائل صنعت کے لیے ایک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں مقامی طور پر تیار کی جانے والی گاڑیاں اب بنگلا دیش کی مارکیٹ میں بھی فروخت کی جائیں گی۔ ایم جی جے ڈبلیو آٹوموبائل پاکستان اور بنگلا دیش کے رینکون گروپ کے درمیان گاڑیوں کی برآمد کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کردیے گئے ہیں۔

معاہدے پر دستخط معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی موجودگی میں کیے گئے۔ معاہدے کے مطابق پاکستان رواں سال بنگلا دیش کو 100 مقامی طور پر تیار کردہ گاڑیاں برآمد کرے گا، جبکہ آئندہ چار برسوں میں مجموعی طور پر 5 ہزار 800 گاڑیاں برآمد کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

اس موقع پر ہارون اختر خان نے کہا کہ یہ معاہدہ پاکستان کی مینوفیکچرنگ صلاحیتوں پر عالمی اعتماد کا مظہر ہے اور اس سے ملک کو قیمتی زرمبادلہ حاصل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت برآمدات میں اضافے، مقامی صنعت کے استحکام اور سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ نئی آٹو پالیسی کے تحت پاکستان کو خطے کا ایک اہم آٹو مینوفیکچرنگ مرکز بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ اس معاہدے سے مقامی آٹو موبائل صنعت کو نئی برآمدی منڈیاں ملیں گی اور ملکی معیشت کو بھی تقویت حاصل ہوگی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US