پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں رواں مالی سال کا آغاز غیر ملکی سرمایہ کاری کے حوالے سے حوصلہ افزا رہا جہاں تقریباً دو سال بعد غیر ملکی سرمایہ کار فروخت کنندہ کے بجائے خریدار کے طور پر سامنے آئے۔
مارکیٹ ڈیٹا کے مطابق گزشتہ 23 ماہ میں پہلی بار غیر ملکی سرمایہ کاروں نے پاکستانی شیئرز فروخت کرنے کے بجائے خریدنے کو ترجیح دی، جس سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج ایک بار پھر عالمی سرمایہ کاروں کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق جولائی 2026 کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاروں نے پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں 3 کروڑ 44 لاکھ ڈالر کی خالص سرمایہ کاری کی۔ اس کے برعکس جون 2026 میں غیر ملکی سرمایہ کاروں نے پاکستانی مارکیٹ سے 18 کروڑ ڈالر نکال لیے تھے۔
ڈیٹا کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کاروں نے سب سے زیادہ دلچسپی بینکنگ اور ایکسپلوریشن کمپنیوں کے شیئرز میں دکھائی۔ جولائی کے دوران انہوں نے بینکنگ سیکٹر میں ایک کروڑ 38 لاکھ ڈالر جبکہ ایکسپلوریشن کمپنیوں میں 67 لاکھ ڈالر مالیت کے شیئرز خریدے۔
دوسری جانب غیر ملکی سرمایہ کاروں نے سیمنٹ سیکٹر میں سرمایہ کاری کم کرتے ہوئے اس شعبے کے شیئرز فروخت کرنے کو ترجیح دی۔