عارف حبیب گروپ کے نام پر آن لائن فراڈ کا انکشاف: پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو خط لکھ دیا گیا

image

کراچی میں معروف بزنس مین عارف حبیب اور ان کے گروپ کا نام استعمال کر کے عوام کے ساتھ فراڈ کرنے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد عارف حبیب لمیٹڈ نے اس حوالے سے اسٹاک ایکسچینج کو باقاعدہ خط لکھ کر آگاہ کر دیا ہے۔

خط میں واضح کیا گیا ہے کہ 'عارف حبیب آرٹیفیشل انٹیلی جنس' (اے آئی) کے نام سے کوئی پلیٹ فارم قائم نہیں کیا گیا اور نہ ہی عارف حبیب یا ان کے گروپ کی کسی کمپنی کا اس پلیٹ فارم سے کوئی تعلق ہے۔ خط کے متن کے مطابق، اس جعلی اے آئی پلیٹ فارم کے ذریعے لوگوں کو سرمایہ کاری کرنے پر 5 لاکھ روپے فی ہفتہ منافع کی پیشکش کی جا رہی ہے۔

عارف حبیب لمیٹڈ کی جانب سے سختی سے تردید کی گئی ہے کہ ادارے نے ایسی کوئی اے آئی اسکیم لانچ نہیں کی ہے۔ خط میں بتایا گیا ہے کہ بعض عناصر ادارے کا نام استعمال کر کے فراڈ، بے بنیاد اور غیر قانونی کاموں میں ملوث ہیں۔

کمپنی نے واضح کیا ہے کہ وہ اپنے تمام فیصلے اور معلومات ہمیشہ باقاعدہ آفیشل چینلز اور اسٹاک ایکسچینج کے ذریعے ہی جاری کرتی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US