جاپان نے بڑھتے ہوئے آن لائن فراڈ اور سائبر دھوکا دہی کے خلاف ایک منفرد قدم اٹھاتے ہوئے "اے آئی کو" نامی مصنوعی ذہانت پر مبنی ورچوئل پولیس افسر متعارف کرا دی ہے۔
اوساکا پریفیکچرل پولیس کی جانب سے متعارف کرائی گئی اے آئی کو یوٹیوب پر ایک نوجوان خاتون کی شکل اور آواز میں عوام کو آن لائن فراڈ سے بچاؤ کے طریقے بتاتی ہے۔ یہ ورچوئل افسر خبردار کرتی ہے کہ اگر کوئی شخص ویڈیو کال پر خود کو پولیس افسر ظاہر کرے تو اس کے دھوکا باز ہونے کا امکان زیادہ ہے۔
حکام کے مطابق اے آئی کو کو حقیقی فراڈ کالز اور گفتگوؤں کی بنیاد پر تیار کیا گیا ہے تاکہ شہری دھوکا دہی کے عام طریقوں اور ان کی نشاندہی سے آگاہ ہو سکیں۔
واضح رہے کہ جاپان میں گزشتہ سال سرمایہ کاری، رومانوی تعلقات اور جعلی پولیس افسران یا مشہور شخصیات کے نام پر ہونے والے فراڈ سے شہریوں کو 2 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا تھا۔