ضلع ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی میں دو گروہوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں چار افراد جاں بحق جبکہ ایک شخص زخمی ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق سوئی کے علاقے درینجن میں پیروزانی قبیلے کی کوہلی شاخ سے تعلق رکھنے والے رشتہ داروں کے درمیان لین دین کے تنازع پر جھگڑا شدت اختیار کر گیا، جس کے دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق افراد میں ایک جانب باپ اور بیٹا جبکہ دوسری جانب دو سگے بھائی شامل ہیں۔
واقعے کے بعد مقامی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے میں پہنچ کر صورتحال کا جائزہ لیا، جبکہ زخمی شخص کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات جاری ہیں اور مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔