خیبر کے علاقے جمرود میں آن لائن گیمز میں ایک کروڑ روپے ہارنے کے بعد مالی نقصان چھپانے کی خاطر ڈکیتی کا جھوٹا ڈرامہ رچانے والے شخص کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزم منصور نے چند گھنٹے قبل تھانے میں درخواست دی تھی کہ سردار کلی چوک کے قریب مسلح موٹر سائیکل سوار اس سے 29 لاکھ 75 ہزار روپے چھین کر فرار ہوگئے ہیں۔
ڈی پی او خیبر کی ہدایت پر شروع کی جانے والی تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ ملزم نے اپنے چچا سے کاروبار کے لیے ایک کروڑ روپے ادھار لیے تھے جو وہ آن لائن گیمز میں ہار چکا تھا۔
ملزم کے پاس چچا کی باقی ماندہ رقم 29 لاکھ 75 ہزار روپے نقد موجود تھی جو اس نے واپس کرنی تھی۔ رقم کی واپسی سے بچنے اور اپنے گھر والوں سے مالی نقصان چھپانے کے لیے اس نے ڈکیتی کی جھوٹی کہانی گھڑی۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے چند گھنٹوں میں ڈرامہ بے نقاب کردیا اور ملزم کے گھر سے مذکورہ رقم برآمد کر کے اسے گرفتار کرلیا، جبکہ مزید تفتیش کے لیے اسے تھانہ جمرود منتقل کردیا گیا ہے۔