وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے لیبیا سے بے دخل کیے گئے 175 پاکستانی شہریوں اور انہیں غیر قانونی طور پر بیرونِ ملک بھجوانے میں ملوث مبینہ انسانی اسمگلرز کے خلاف ملک بھر میں 48 مقدمات درج کرلیے ہیں، جبکہ مزید تحقیقات بھی شروع کردی گئی ہیں۔
ایف آئی اے کے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کے مطابق کارروائیاں اسلام آباد، گوجرانوالہ، کوہاٹ، فیصل آباد، لاہور، کراچی اور پشاور سمیت سات زونز میں جاری ہیں۔ بے دخل کیے گئے پاکستانی لیبیا کے ویزوں پر وہاں پہنچے تھے اور بعدازاں یورپ جانے کی غیر قانونی کوشش کرنا چاہتے تھے۔
لیبیا کی حکام نے قانونی دستاویزات نہ ہونے پر ان افراد کو حراست میں لینے کے بعد 25 مئی کو خصوصی چارٹرڈ پرواز کے ذریعے پاکستان واپس بھیج دیا تھا۔
اعداد و شمار کے مطابق گوجرانوالہ میں 24 مقدمات درج کیے گئے، جن میں 49 بے دخل پاکستانیوں اور 37 مبینہ ایجنٹوں کو نامزد کیا گیا ہے۔ اسلام آباد اور کوہاٹ میں 9، 9 مقدمات درج کیے گئے، جن میں مجموعی طور پر 73 بے دخل افراد اور ان کے مبینہ سہولت کار شامل ہیں۔
فیصل آباد میں 3 مقدمات کے ذریعے 24 بے دخل افراد اور 11 مبینہ ایجنٹوں کو نامزد کیا گیا، جبکہ لاہور میں 2 مقدمات میں 9 بے دخل پاکستانیوں اور 11 مبینہ ایجنٹوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔
پشاور اور کراچی میں ایک، ایک مقدمہ درج کیا گیا، جن میں مجموعی طور پر 44 بے دخل افراد اور 26 مبینہ انسانی اسمگلرز کو نامزد کیا گیا ہے۔
ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورکس کے خلاف تحقیقات جاری ہیں اور غیر قانونی طور پر یورپ بھجوانے میں ملوث تمام عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔