کراچی: ایس ایس جی سی کی بڑی کارروائی، گلشن ویو اپارٹمنٹ بڑی تباہی سے بچ گیا

image

کراچی کے علاقے ابوالحسن اصفہانی روڈ پر سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کی سی جی ٹی او ٹیم نے ایک بڑی کارروائی کرتے ہوئے گیس چوری اور اسے خطرناک طریقے سے ذخیرہ و فراہم کرنے والا نیٹ ورک پکڑ لیا ہے، جس سے سینکڑوں فلیٹس پر مشتمل گلشن ویو اپارٹمنٹ بڑی تباہی سے بچ گیا۔

حکام کے مطابق ملزمان سوئی سدرن کی لائن سے بڑے پیمانے پر گیس چوری کر کے اسے اپارٹمنٹ کی چھت پر پلاسٹک کے بڑے بڑے غباروں میں انتہائی خطرناک طریقے سے ذخیرہ کرتے تھے اور کراچی میں یہ اپنی نوعیت کا پہلا گیس چوری کا خطرناک ترین نیٹ ورک پکڑا گیا ہے۔

ملزمان چوری کی گیس سے دو ہیوی جنریٹرز چلا کر بجلی بناتے تھے اور یہ بجلی 300 فلیٹوں اور 100 دکانوں کو فراہم کی جا رہی تھی، جس کے عوض صارفین سے 20 ہزار روپے ایڈوانس اور 2 ہزار روپے ماہانہ وصول کیے جا رہے تھے۔

سوئی سدرن حکام کا کہنا ہے کہ چوری کے اس نیٹ ورک میں پلاسٹک والوز سے لیس گیس بیلون اسٹوریج کے تین یونٹس سے گیس لیک ہورہی تھی جو کسی بھی وقت آگ لگنے یا بڑے دھماکے کا سبب بن سکتی تھی، تاہم بروقت کارروائی کے ذریعے اس فوری خطرے کو ٹال کر خطرناک یونٹس، متعلقہ آلات اور بیٹریوں کو تحویل میں لے لیا گیا ہے جبکہ ملزمان رحمت اللہ، حیات مسعود اور سلیم مسعود کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US