کراچی کے علاقے اتحاد ٹاؤن گلشن غازی میں اس وقت خوف و ہراس اور سنسنی پھیل گئی جب سفاک باپ نے مبینہ طور پر بے رحمانہ تشدد کر کے اپنے ہی 17 سالہ سگے بیٹے کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔
دل دہلا دینے والے اس واقعے میں جان کی بازی ہارنے والے نوجوان کی شناخت سلمان ولد عبدالودود کے نام سے ہوئی ہے۔ لرزہ خیز واردات کو چھپانے اور معاملے کو ہمیشہ کے لیے دبانے کے لیے ملزمان نے انتہائی رازداری کے ساتھ نوجوان کو خاموشی سے دفنانے کی تیاریاں شروع کردیں اور کفن دفن کا انتظام کیا جا رہا تھا کہ اسی دوران کسی نے پولیس کو اس ہولناک واقعے کی اطلاع دے دی۔
مقتول کو خفیہ طور پر ٹھکانے لگانے کی اس سنسنی خیز کوشش پر ایس ایس پی کیماڑی نے فوری ایکشن لیا اور ان کی سخت ہدایت پر پولیس کی بھاری نفری نے جنازے کے گھر پر چھاپہ مار کر تدفین کا عمل رکوا دیا۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مقتول نوجوان کے سفاک باپ اور اس جرم میں برابر کے شریک چچا کو چند گھنٹوں کے اندر دھر لیا۔
ترجمان کیماڑی پولیس کے مطابق خوفناک تشدد کا شکار ہونے والے نوجوان سلمان کی لاش کو فوری طور پر تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے تاکہ موت کی اصل وجہ اور تشدد کی ہولناک نوعیت کا سائنسی سراغ لگایا جاسکے، جبکہ گرفتار باپ اور چچا سے تفتیش شروع کردی گئی ہے تاکہ اس لرزہ خیز قتل کے پیچھے چھپے اصل محرکات کو سامنے لایا جاسکے۔